طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لیزر شو
طائف ..... طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 87واں یوم الوطنی اپنے انداز سے منایا۔آنے جانے والے مسافروں کو تحائف ،گلاب کے پھول اور سعودی پرچم پیش کئے گئے۔ سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو بھی خوشی کے اس پروگرام میں شریک کیا گیا۔ ہر ایک کی زبان پر یہی دعا رہی کہ اللہ رب العزت سعودی عوام کی خوشیوں کو دائمی بنادے، یہاں کے امن و استحکام کی ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی پاسبانی کرتا رہے۔ ایئرپورٹ پر لیزر شو پیش کیا گیا۔ عرب نژاد گھوڑوں اور موٹر سائیکل سواروں نے جشن کی شوکت کو دوبالا کردیا۔ اسکولوں کے طلباءنے بھی اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر عبدالوہاب بخاری نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ نے سعودی عرب کو متحد کیا تھا۔ ہم انکی جدوجہد کی تاریخ سے سبق لیکر وطن عزیز کے مستقبل کو مزید تابناک اور روشن بنائیں گے۔انکی جدوجہد سے ہمارے اندر چیلنج قبول کرنے کاجذبہ اور قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا عزم مزید قوت کے ساتھ ابھرا ہے۔