بزم اتحاد جدہ کے وفد کا حیدرآباد میں اویسی اسکولز آف ایکسلنسی کا دورہ
7500طلبہ و طالبات کو مفت بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولتیں،خواتین اور لڑکیوں کیلئے خود روزگار اسکیم اسکولز کا قیام مجلس کا کارنامہ ہے، وفد کا بیان
جدہ ( امین انصاری ) بزم اتحاد جدہ کے وفد نے بزم کے جنرل سیکریٹری و ترجمان یوسف الدین امجد کی قیادت میں حیدرآباد دکن کے بے شمار مسلم علاقوں میں قائم اویسی اسکولز آف ایکسلینسی کی شاخوں کا دورہ کیا ۔ وفد نے نشیمن نگر ، تالاب کٹہ ، ریاست نگر ، جمال کالونی ، حافظ بابا نگر اور نرخی پھول باغ جیسے سلم علاقوں میں قائم اسکولز کا مشاہدہ کیا ۔ اسکولوں کی شاندار عمارتیں، کلاس روم ، فرنیچر اور ڈریس کوٹ کو دیکھ کر وفد نے ان اسکولوں کو کسی کارپوریٹ یا مشن اسکول سے بہتر تصور کیا ۔ وفد نے بتایا کہ حبیب ملت اکبر الدین اویسی نے غریب اور نادار طلبہ و طالبات کو زیور علم سے آراستہ کرنے کیلئے اویسی اسکولز کو انتہائی جدید اور معیاری بنایا ہے ۔ اسکول ٹیچرز کا انتخاب ہو کہ عمارت کی تعمیر ،کلاس روم کا انفراسٹرکچرہو کہ یونیفارم کا معاملہ ہر ایک چھوٹی بڑی چیز کو انتہائی معیاری اور اعلیٰ رکھا گیا ہے تاکہ یہاں کے پڑھنے والے بچے کسی کانونٹ یا مشن اسکول کے بچوں سے خود کو پیچھے نہ سمجھیں ۔ وفد نے دیکھا کہ یہاںکی ابتدائی کلاس کے بچے انگریزی ،اردو اور مقامی زبان تلگو میں روانی کے ساتھ بات کررہے ہیں۔ یہ ایک اچھی تعلیم کا بین ثبوت تھا ۔ حبیب ملت اکبر الدین اویسی نے صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی کی نگرانی میں غریب و نادار لڑکے و لڑکیوں کو معیاری تعلیم دینے کا جو خواب دیکھا تھا اسے پورا کیا ۔ اپنی جیب خاص سے کروڑ ہا روپے کا بوجھ برداشت کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی پچھلی ایک دہائی میں ہزارہا بچوں کو ایل کے جی سے دسویں جماعت تک اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرتے آرہے ہیں ۔ اس وقت 7ہزار سے زیادہ لڑکے لڑکیاں ان اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ وفد میں شامل این آر آئیز کو یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ تعلیم کے علاوہ اویسی اسکول آف ایکسلنسی اور سالار ملت ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے اسکولوں کی عماتوں میں خواتین کو روزگار سے مربوط کورسز کی کلاسز بھی چلائی جارہی ہیں ۔ جس میں مختلف کورس مہندی ڈیزائننگ ، کڑھائی کا کام ، ٹیلرنگ ،کارچوب ، بنائی جیسے بے شمار کورسز کی ٹریننگ بھی اویسی اسکولوں میں خواتین اور لڑکیوں کو دی جا رہی ہے اور ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد سند بھی ملتی ہے جس سے وہ اپنا روزگار شروع کرسکتی ہیں ۔ وفد نے جب ٹریننگ حاصل کرنے والی خواتین سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ہم ٹریننگ حاصل کرکے خود کفیل ہوجاتی ہیں اور آسانی سے 25سے 30 ہزار روپے ماہانہ کمالیتی ہیں ۔ مہندی ڈیزائننگ کی لڑکیاں اور خواتین نے بتایا کہ ہم تو شادی بیاہ ، عیدین پر لاکھوں روپے کما کر اپنے والدین کا گھر چلارہی ہیں ۔ حبیب ملت اکبر الدین اویسی کی نسل نو کیلئے کی جانی والی تعلیمی خدمات ناقابل فراموش اور قابل ستائش ہیں ۔وفد میں شامل محمود بلشرف، محمد علی نیر، ڈاکٹر محمد نجم الدین ( سائنٹسٹ) انجینیئر جمیل سعید ، انجینیئر عبدالجلیل طارق ، محمد آصف نے اپیل کی کہ ان اسکولوں کی موجودگی سے علاقے کے عوام فائدہ اٹھائیں اور نقیب ملت بیرسٹر اسد الدین اویسی و حبیب ملت اکبر الدین اویسی کی غریبوںمیں تعلیم کو عام کرنے کے مشن کو کامیاب بنائیں تاکہ مسلم معاشرہ تعلیم کے زیور سے مالا مال ہوسکے ۔