بی ایچ یومیں تشددکیلئےانتظامیہ ذمہ دار،کمشنر رپورٹ
وارانسی۔۔۔۔ بی ایچ یو (بنارس ہندو یونیورسٹی ) میں ہوئےتشدد پر وارانسی کے کمشنر نتن گوکرن نے اپنی ابتدائی رپورٹ چیف سیکریٹری راجیو کمار کو سونپ دی ہے۔ رپورٹ میں تشدد کے لئے بی ایچ یو انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔وارانسی کے کمشنر نتن گوکر ن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے چھیڑ خانی معاملہ کو سنجیدگی سے نہ لےکر متاثرہ کی شکایت کو نظر انداز کیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس معاملہ میں نہ صرف بے حسی دکھائی بلکہ وقت رہتے ہوئےصورت حال کو سنبھالنے کی کوشش بھی نہیں کی۔گزشتہ روز کمشنر نے27 لوگوں کےبیانات درج کیے جن میں سے زیادہ تر لوگوں نے کہا تھاکہ بی ایچ یو میں ہونیوالا ہنگامہ یونیورسٹی انتظامیہ، ضلع انتظامیہ اور پولیس کی لاپروائی کا نتیجہ ہے۔ اگر انہوں نےبروقت اپنی ذمہ دارا ادا کی ہوتی تو یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ کمشنر کی رپورٹ کے بعدپولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔ تنقیدمیں گھرے بی ایچ یو کے وائس چانسلر پروفیسر گریش چندر ترپاٹھی نے اپنا دفاع کرتے ہوئےیونیورسٹی کیمپس میں طالبات پر لاٹھی چارج کے واقعہ سے صاف انکار کردیا۔ بی ایچ یو انتظامیہ نے واضح کیا کہ 27 ستمبر تک طے شدہ امتحانات وقت پر ہی ہوں گے۔کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ بی ایچ یو کے واقعہ کی تحقیقات ہائی کورٹ کی نگرانی میں کرائی جائے۔ اوروی سی کو برخاست کیا جائے۔سماجوادی پارٹی نے بھی وی سی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔