5اکتوبر کو بریکنگ نیوز دونگا، آفریدی
جمعرات 28 ستمبر 2017 3:00
کراچی:سابق کپتان شاہدآفریدی نے کہا ہے کہ سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی میں کوئی حرج نہیں لیکن اسے اے ٹیم کا کپتان بنانا درست نہیں۔کراچی میں شاہد آفریدی فاونڈیشن اور نجی کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کرکٹ بورڈ یا سلیکشن کمیٹی ایسا کوئی بھی فیصلہ کرنے سے گریز کریں۔ ٹیسٹ سیریز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے تاہم یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان ٹیم کا اصل امتحان انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں ہو گا اور اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس وقت سینیئر کھلاڑیوں پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ٹیم کے لئے مصباح اور یونس کا متبادل بننے کی کوشش کریں جبکہ نوجوان کھلاڑی بھی اس خلاء کو پر کرکے ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کر سکتے ہیں۔ فواد عالم کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کے سوال پر آفریدی نے بھی تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ جانے کیوں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کے سوال پر سابق آل راونڈر نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے آپ کو بریکنگ نیوز کی ضرورت ہے لیکن5 اکتوبر کو پتہ لگ جائے گا کہ میں کس ٹیم کی نمائندگی کروں گا۔