Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میانمار فوجی آپریشن روکے، یو این سیکریٹری جنرل

نیو یارک ...اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اونٹونیو گوتریس نے میانمار سے فوجی آپریشن روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام سنگین صورتحال اختیار کرتے ہوئے وسطی راکھین کے علاقے تک پھیل سکتا ہے۔ سلامتی کونسل میں میانمار کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم دنیا میں پناہ گزینوں کا تیز ترین مسئلہ بن چکا ہے جو انسانوں اور انسانی حقوق کیلئے ڈراؤنا خواب ہے۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ میانمار سے جان بچا کر بھاگنے والے روہنگیائی افراد بالخصوص خواتین اور بچوں سے متعلق انتہائی لرزہ خیز معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ روہنگیا مسلمانوں پر اسلحے سے فائرنگ، بارودی سرنگوں سے ان کی ہلاکت اور خواتین کے ساتھ زیادتی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔انہوںنے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ امدادی اداروں اور سامان کو متاثرہ علاقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے۔ واضح رہے کہ میانمار کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس امریکہ، سویڈن، مصر، سینیگال، فرانس، برطانیہ اور قازقستان کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔

شیئر: