وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ رواں سال ترسیلات زر بڑھیں گی اور گزشتہ سال سے زیادہ ہوں گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ناراضی کی باتوں میں حقیقت نہیں، ملک میں ریکارڈ ترسیلات زر آ رہی ہیں۔
اتوار کی صبح لاہور میں میراتھن کے آغاز سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ریئل سٹیٹ کے شعبے پر نظر ہے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے مگر افواہیں اور سٹہ بازی نہیں چلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل کنسٹرکشن انڈسٹری اور تعمیراتی سرگرمیوں کو بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ’ٹرانزیکشن کاسٹ کے معاملے کو بھی دیکھیں گے۔‘
وزیر خزانہ نے اوورسیز پاکستانیوں کی ناراضی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’ابھی میں سعودی عرب سے ہو کر آیا ہوں، ابھی میں دبئی میں تھا، واشنگٹن میں تھا اور کچھ دیگر ملکوں کے دارالحکومتوں سے ہو کر آیا ہوں، وہاں پاکستانیوں سے ملاقاتیں ہوئیں، کہیں کوئی نارضی نظر نہیں آئی۔‘
محمد اورنگزیب نے کہا کہ جس طرح ریمٹینسز آ رہی ہیں، اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو بھی کامیابی ملی ہے، ’پاکستانی ڈائسپورا ملک کی جس طرح سے مدد کر رہے ہیں ہم اس کے لیے ان کے بہت مشکور ہیں۔‘
وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ رواں سال ترسیلات زر بڑھیں گی اور گزشتہ سال سے زیادہ ہوں گی۔
خیال رہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے جنوری 2025 کے دوران بھیجے گئے ترسیلات زر میں 25.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پاکستان کی معیشت کو دباؤ سے نکالنے کے لیے ترسیلاتِ زر پر انحصار رہتا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنوری کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں 3.0 ارب ڈالر کی آمد درج کی گئی جو کہ پچھلے سال کے اس دورانیے کے مقابلے میں 25.2 فیصد زیادہ ہے۔
بیرون ملک مقیم کارکنوں نے جولائی تا جنوری مالی سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 20.8 ارب ڈالر ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجے جولائی تا جنوری 2024 کے دوران موصول شدہ 15.8 ارب ڈالر کے مقابلے میں 31.7 فیصد زیادہ ہے۔
جنوری 2025ء کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب (728.3 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (621.7 ملین ڈالر)، برطانیہ (443.6 ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ (298.5 ملین ڈالر) سے آئیں۔