Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سری لنکا ٹیسٹ: دوسرا دن

ابوظبی:سری لنکا کے 419رنز کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کی بدولت پہلے ٹیسٹ میچ میں بغیر نقصان کے 64 رنز بنا لئے ۔ابو ظبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے 227 رنز 4 کھلاڑی آوٹ سے پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان دنیش چندیمل اور نروشن ڈکویلا وکٹ پر موجود تھے۔دونوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پانچویں وکٹ کیلئے 134 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا۔پاکستان کو پانچویں کامیابی اس وقت ملی جب حسن علی نے 83 رنز بنانے والے ڈکویلا کی وکٹیں اڑا دیں۔ چندیمل نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سنچری مکمل کی ۔ دلرووان پریرا کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 92 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ پریرا 33رنز بنا کر پویلین لوٹے۔جب دوسرے دن چائے کا وقفہ ہوا تو سری لنکن ٹیم نے7 وکٹوں کے نقصان پر 403 رنز بنائے تھے اور وکٹ پر چندیمل کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سری لنکن ٹیم 450 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن چائے کے وقفے کے بعد محمد عباس نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے تینوں اختتامی بلے بازوں کو واپس بھیج کر سری لنکن ٹیم کو 419 رنز تک محدود رکھا۔ چندیمل 14 چوکوں کی مدد سے 155 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور عباس نے3،3جبکہ حسن علی نے2وکٹیں حاصل کیں۔آخری سیشن میں سمیع اسلم اور شان مسعود نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور تمام سری لنکن بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز بنائے تھے، سمیع اسلم 31 اور شان مسعود 30 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 355 رنز درکار ہیںقومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد عامر، یاسر شاہ، محمد عباس اور حسن علی شامل ہیں۔سری لنکن ٹیم کی قیادت دنیش چندی مل کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس، ڈیمتھ کرونارتنے، کوسل پریرا، لہیرو تھریمننا، نروشان ڈک ویلا، دل روان پریرا، رنگانا ہیراتھ، سرنگا لکمل، لکشن سندکن اور نوان پردیپ شامل ہیں۔
 
 
 

شیئر: