فلپائنی کی لاش غلطی سے پاکستان پہنچ گئی
ریاض.... دمام شہر میں ٹریفک حادثے کے دوران ایک ہفتے قبل جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کی نعش سعودی عرب میں رہ گئی اور اسکی جگہ ایک فلپائنی کی لاش پاکستان پہنچ گئی۔ متوفی کے اہل خانہ لاش دیکھ کر پریشان ہوگئے۔ وہ اپنے عزیز کی لاش لینے کیلئے پہنچے ہوئے تھے، مگر چہرہ دیکھتے ہی افسردہ ہو گئے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ میت کی تدفین کی تمام تیاریاں مکمل تھیں۔ اعزہ و احباب تدفین کیلئے پہنچے ہوئے تھے،اپنے عزیز کی لاش نہ ملنے پر مایوسی ہوئی۔ پاکستانی ریڈیو، ٹی این این نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ جس پاکستان شہری کی موت دمام میں واقع ہوئی تھی اسکی عمر 22سال تھی۔ متاثرہ پاکستانی خاندان نے سعودی عرب میں متعین اپنے سفیر سے درخواست کی کہ وہ انکے بیٹے کی نعش جلد از جلد بھجوانے کیلئے مداخلت کریں۔