آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی کیلئے انڈین اسکواڈ
ممبئی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20سیریز کے لئے 15رکنی اسکواڈ میں اوپنر شیکھر دھون اور وکٹ کیپردنیش کارتک کو شامل کرلیا ۔ سینیئر فاسٹ بولر اشیش نہرا بھی واپس آگئے ہیں ۔محمد شامی اور امیش یادو کو حسب سابق اس مختصر ترین فارمیٹ سے باہر کر دیا گیا ہے جبکہ دونوں مایہ ناز اوپنرز روی چندرن ایشون اور رویندر جڈیجہ کو سلیکشن کے لئے زیر غور نہیں لایا گیا۔ اس کے علاوہ اجنکیا رہانے اور شردل ٹھاکر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔روہت شرما ون ڈے ٹیم کے ساتھ اب ٹی ٹوئنٹی میں بھی ویرات کوہلی کے نائب ہوں گے۔اوپنر شیکھر دھون نے نجی مصروفیات کی وجہ سے ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کی اور وہ اس سال کے اوائل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ کھیلنے کے بعد سے اس فارمیٹ سے آوٹ تھے اور انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے بھی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔اشیش نہرا نے اپنا آخری ٹی 20میچ فروری میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھاجس کے بعد سے وہ ٹیم واپس نہیں آسکے تھے۔ ہندوستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ ویرات کوہلی(کپتان) روہت شرما، شیکھر دھون، لوکیش راہول ، منیش پانڈیا، کیدار جادھو، دنیش کارتک، مہندر سنگھ دھونی، ہردک پانڈیاِ، کلدیپ یادو، یزویندر چاہل، جسپریت بمرا، بھنیشور کمار، اشیش نہرا اور اکشر پٹیل۔3میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7اکتوبر کو رانچی میں کھیلا جائے گا جبکہ 10اور13اکتوبر کو گوہاٹی اور حیدر آباد میں ہوں گے۔