ریاض..... 2017 ء کی دوسری سہ ماہی کی بابت منظرعام پر آنے والے اعدادوشمار سے پتہ چلا ہے کہ سعودی لیبر مارکیٹ سے 61.5 ہزار غیر ملکی نکل گئے۔ اس کے باوجود بیروزگار سعودی شہریوں کی تعداد میں 13 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا اور 1.1 ملین سعودی روزگار کی تلاش میں سرگرداںپائے گئے۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ تین ماہ کے دوران 13.5 ہزار سعودیوں کو روزگار ملا ۔ لیبر مارکیٹ میں سعودیوں کی تعداد میں 0.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔ زیادہ تر ملازمتیں سعودی نوجوانوں کو ملیں ان کی تعداد 7.92 ہزار بتائی گئی ہے۔ خواتین کی تعداد کم ہے انہیں 5.58 ہزار فیصد ملازمتیں ملیں۔ الاقتصادیہ کے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ 2017 ءکی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر بیروزگار سعودیوں میں خواتین کی تعداد 55 فیصد پائی گئی۔ 2017 ءکی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر 61.5 ہزار غیر ملکیوں کی لیبر مارکیٹ سے نکلنے پر ملازم تارکین وطن کی تعداد 10.79 ملین رہ گئی جبکہ پہلی سہ ماہی کے اختتام پر ان کی تعداد 10.85 ملین تھی۔