دعووں کو عمل میں نہیں بدل سکے، آسٹریلوی کپتان
ناگپور:ہند کے خلاف ون ڈے سیریز میں1-4سے ناکامی پر جھلائے ہوئے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا ہے کہ ہم اپنے دعووں کو عمل میں نہیں بدل سکے اور مڈل آرڈر کی ناکامی بڑا مسئلہ بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ٹیم کو نئے ٹیلنٹ کی ضرورت ہے اور موجودہ ٹیم کے ارکان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں ہونے والے ون ڈے کپ میں کھیلنے والے باصلاحیت کرکٹرز سے مقابلہ درپیش ہے اور میرے خیال میں نئے کھلاڑیوں کو آگے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں خاص طور پر اور اس سے پہلے بھی ہمارا مڈل آرڈر ٹیم کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہا۔ اوپنرز اپنا کام بخوبی کررہے ہیں ۔اوپنرز کے ساتھ مڈل آرڈر کو بھی وکٹ پر ٹھہرنے کی پرانی عادت دوبارہ اپنانی ہوگی۔ بنگلور میں ایسا ہوا اور ہم جیتنے میں کامیاب رہے لیکن باقی میچوں میں ایسا نہیں ہوسکا اور اس کا نتیجہ بھی سب کے سامنے ہے ۔کپتان نے کہا کہ میں بھی اپنی ذمہ داری سے عہدہ برا نہیں ہو سکا مجھ سمیت بقیہ بیٹسمین تسلسل سے اچھی بیٹنگ نہیں کررہے اور یوں ہماری ناکامیوں کا سلسلہ طول پکڑ رہا ہے۔بدقسمتی سے اپنے دعووں کو لفظی شکل نہیں دے پا رہے، ہم جو کچھ کہتے ہیں اسے ہمیں میدان میں بھی ثابت کرنا ہوگا۔آسٹریلیا میں ون ڈے ٹورنامنٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ وہاں بعض کھلاڑی بیٹنگ اور بولنگ میں نمایاں ہو رہے ہیں ہمیں بھی ان کی خدمات سے فائدہ کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی موجودہ اسکواڈ کے لئے دباو کا باعث بن سکتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی صورت میں ہمارے لئے اب ایک موقع باقی ہے اور ہمیں اس سے بہر صورت فائدہ اٹھانا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 7اکتوبر سے ہو رہا ہے۔