اسلام آباد... تحریک انصاف نے نئے چیئر مین نیب کے لئے مک مکا کا الزام لگا دیا ۔حکومت اوراپوزیشن لیڈر کے مجوزہ نام مسترد کرد ئیے۔تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے میں پیپلز پارٹی اورحکومت کے درمیان ہمارا کوئی کردارنہیں، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔اس اہم عہدے کے لئے سامنے آنے والے 6 ناموں میں ہمارا کوئی حصہ نہیں۔انہوں نے دعوی نے کیا کہ چیئرمین نیب کے تقرر پرمسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کا مک مکا ہوگیا۔ چیئرمین نیب کے تقرر میں حکومت اورپیپلزپارٹی کے مک مکا کا حصہ نہیں بنیں گے۔نئے چیئرمین نیب کے لئے لندن میں نااہل وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے آفتاب سلطان کا نام سرفہرست ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نیا چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان کاپارٹ ٹوہوگا۔واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات میں چیئرمین نیب کے لئے جسٹس فقیر محمد کھوکھر، جسٹس جاوید اقبال اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کے نام تجویز کئے تھے ۔ حکومت کی جانب سے آئی بی کے سربراہ آفتاب سلطان، جسٹس ریٹائرڈ چوہدری اعجاز اور جسٹس ریٹائرڈ رحمت جعفری کے نام سامنے آئے ہیں۔