واشنگٹن ...امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے افغانستان میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عندیہ دیا ہے۔واشنگٹن میں مسلح افواج سے متعلق کمیٹی کی سماعت کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کادورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکمت عملی پر پاکستانیوں کے ساتھ، ان کے ذریعے اور ان کی مدد سے کام کرنے کےلئے پھر کوشش کرنی ہوگی اگر ہماری تمام کوششیں ناکام ہوئیں تو امریکی صدر جو ضروری سمجھیں اس حوالے سے اقدام اٹھا سکتے ہیں۔دریں اثناء واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی کارروائی میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ایک بیان میں سفارتخانے نے کہاکہ افغانستان میں اسی سطح کی کامیابی حاصل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔