بالی وڈ اسٹار عامر خان کو والدہ ، پہلی اہلیہ رینا دتا اور بچوں کو وقت نہ دینے کا پچھتاوا ہونے لگاہے ۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ فلمی دنیا میں مجھے 30 سال ہونے کو ہیں اور اس دوران پیسہ، شہرت اور پیار سب کچھ حاصل کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس عرصے میں پایا بہت کچھ تاہم کھویا کیا ہے،اس کا علم مجھے بھی نہیں۔ اب محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنی والدہ، پہلی بیوی رینا اور بچوں کو وقت نہیں دے سکا، مجھے انہیں زیادہ وقت دینا چاہئے تھا کیونکہ میں مشکل وقت میں ہی ان کے ساتھ ہوتا تھا۔مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ میں اپنے بیٹے جنید خان اور بیٹی ایرا خان کوبھی وقت نہیں دے سکا لیکن میرا ان سے بہت اچھا تعلق ہے۔ اب میں نے چھوٹے بیٹے آزاد کو وقت دینے کا تہیہ کرلیا ہے اور 6 بجے سے 8 بجے تک اس کے پاس رہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی زندگی پر کتاب لکھ کر اسے فروخت کرنا چاہتا ہوں جو میرے مرنے کے بعد کھولی جائے۔یاد رہے کہ عامر خان اور رینا دتا کی شادی 1986میں ہوئی تھی جو 16 سال بعد ختم ہوئی۔ دونوں کے 2 بچے ہیں۔