ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ،پاکستان کا احتجاج
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
اسلام آباد...دفترخارجہ کے ترجمان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ پر ہند سے شدید احتجاج کیا ہے۔جنوبی ایشیا اورسارک ڈیسک کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کیا اور سیزفائر کی خلاف ورزیوں پرشدید احتجاج کیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانی فوج نے شہری علاقوں کو آئے روز نشانہ بنانا شروع کردیا ہے ۔گزشتہ2ہفتے میں 6خواتین سمیت13شہری شہید اور39زخمی ہوئے ۔ گزشتہ ایک سال میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر 900سے زائد مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی جس سے 45بے گناہ شہری جاں بحق اور 155زخمی ہوئے۔ گزشتہ سال ان خلاف ورزیو ں کی تعداد382 تھی۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے جو انسانی وقار عالمی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ ہندکو سنگین نتائج بھگتنا پڑسکتے ہیں۔ نئی دہلی 2003ءکے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے ۔ان خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔ ہندوستانی فورسز کو حقیقی معنوں میں جنگ بندی کی ہدایت کرے اورکنٹرول لائن پرامن برقراررکھے۔انہوں نے کہاکہ نئی دہلی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو اپنا کرداراداکرنے دے۔