نوٹ بندی ابتک کا سب سے بڑا گھپلا
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔بی جے پی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا کے بعد اب ایک اور سابق وزیر ارون شوری نے بھی مرکزی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی اب تک کا سب سے بڑا منی لانڈرنگ گھپلا ہے۔ یاد رہے کہ سنہا اور شوری دونوں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ شوری نے حکومت کی جی ایس ٹی کو لیکر بھی تنقید کی ہے ۔ شوری نے ایک سال قبل ہزار روپے اور 500روپے کے نوٹ بند کئے جانے کے فیصلے پر کہا کہ اس کی وجہ سے آج معیشت سست روی کاشکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اب تک کا سب سے بڑا منی لانڈرنگ گھپلا ہے جسے پوری طرح حکومت نے انجام دیا ۔انہوں نے نوٹ بندی کو احمقانہ کارروائی بتایا۔جن لوگوں کے پاس کالا دھن تھا انہوں نے سفید بنالیا ۔انہوں نے جی ایس ٹی کو بھی حکومت کی ناکامی سے تعبیرکیا۔ جی ایس ٹی ایک اہم اقتصادی اصلاح ہے لیکن اس کا نفاذ غلط طریقے سے کیا گیا۔3ماہ میں 7مرتبہ ضابطے تبدیل کئے گئے۔