کیلیفورنیا .... کیلیفورنیا میں ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ کمرے میں کوئی تمباکو نوشی کررہا ہے تو بھی اسکے دھویں سے آپکا دماغ اور جگر متاثر ہوسکتا ہے۔ اسکے علاوہ آپ کے رویئے میں تبدیلی آسکتی ہے۔ کھانا ہضم ہونے میں بھی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ کیلیفورنیا ریسرچ یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسے متعدد مریضوں کا علاج کیا ہے جو خودتو سگریٹ نہیں پیتے مگر تمباکو نوشوں کے ساتھ بیٹھتے ہیں اور صرف انکا دھواں ناک میں جانے سے وہ متاثر ہوجاتے ہیں۔ دھویں کے جو اثرات تمباکو نوشوں کے کپڑوں، بالوں، گھر یا کار میں ہوتے ہیں اس سے بھی دوسرے لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔ ماضی میں بھی اسی طرح کی جائزہ رپورٹیں تیار کی گئی تھیں اور چوہوں پر اسکے اثرات دیکھے گئے تھے۔ انہیںاس سے ٹائپ ٹو قسم کی ذیابیطس ہوگئی تھی اور ان کے پھیپھڑے اور جگر متاثر ہوئے تھے جبکہ زخم بھرنے میں بھی مشکلات پیش آئی تھیں۔