Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹر نیشنل اسکول العزیزیہ میں یوم الوطنی کی تقریب

طلباءہمارا مستقبل ہیں، اسکول کی بہتری کےلئے قونصلیٹ تعاون جاری رکھے گی ، پرنسپل ڈاکٹر اکرم کا خطاب
جدہ (ارسلان ہاشمی) پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ میں سعودی عرب کے قومی دن(یوم الوطنی) کی مناسبت سے پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی قونصلیٹ کے لنک آفیسر سرور سعید تھے ۔ سیکشن ہیڈز خلیل عمران اور عبدالعلیم عامرنے تقریب کے انتظامات کئے ۔ یوم الوطنی کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد عمیر عابد جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم احمد زبیر نے پیش کی ۔ پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم نے اپنے خطاب میں پاک ، سعودی تعلقات کے حوالے سے کہا دونو ں برادر ممالک میں مذہب کا اٹوٹ رشتہ قائم ہے ۔ سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا اور بڑے بھائی کا فرض بخوبی نبھایا اسی طرح پاکستانی عوام اور حکومت بھی اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعودکی قیادت میں مملکت مثالی ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ مملکت میں قرآن و سنت کا قانون روز اول سے ہی نافذ ہے جس کے ثمرات سے ہر شخص مستفیض ہوتا ہے ۔ڈاکٹر اکرم نے ماضی کے حوالے سے کہا جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے اس وقت سب سے پہلے مبارک باد کا پیغام سعودی اعلی قیادت کی جانب سے موصول ہوا جو پاکستان کے لئے بے حد اہم تھا کیونکہ ایٹمی دھماکو ںکے بعد بین الاقوام سطح پر پاکستان کو یکہ و تنہا کر دینے کی باتیں ہو رہی تھیں ایسے میں سعودی عرب ہی تھا جو پاکستان کے ساتھ واضح طور پر کھڑا تھا جو پاکستان کے لئے باعث تقویت تھا ۔ انہوں نے پاک ، سعودی تعلقات کے مختلف شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے مابین دفاعی ، اقتصادی ، تجارتی تعلقات قائم ہیں ۔ مملکت کی تعمیر و ترقی میں2.5ملین پاکستانیوں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے جو سرزمین حرمین میں مقیم ہیں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اہم ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ۔ قونصلیٹ کے لنک آفیسر سرور سعید نے مختصر خطاب کرتے ہوئے یوم الوطنی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نو منتخب پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر فورم پر بچوں اور اساتذہ کے ذریعے پاکستان کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ آپ میں سے ہر ایک وطن عزیز کا سفیر ہے اپنے عمل سے اس بات کا اظہار کریں کہ ہم ایک باوقار قوم ہیں ۔ انہو ںنے طلباءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ ملک و قوم کا مستقبل ہیں اپنے کل کو روشن کرنے کےلئے آج محنت کرنا ہوگی اور دلجمعی سے حصول علم پر توجہ دیں تاکہ آپ کاکل محفوظ ہو سکے ۔ انہو ںنے اس امر کا بھی یقین دلایا کہ اسکول کے تحفظ اور ترقی کےلئے قونصلیٹ ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گی ۔ طالب علم کبیر اور محمد یوسف نے عربی میں یوم الوطنی کے حوالے سے تقاریر کیں ۔ عبدالرحمان قریشی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ عربی ، انگلش اور اردو میں ملی نغمے پیش کئے ۔ بلا ل شعیب نے انگریزی میں جبکہ داﺅد کامران احسن نے سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے اظہار خیال کیا ۔ تقریب کا اختتام دونوں ملکو ں کے قومی ترانوں پر ہوا ۔

شیئر: