کراچی ..وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ منافع بخش ادارہ پی آئی اے اپنے خسارے کے باعث ٹائی ٹینک بن گیا ، اسے ڈوبنے سے بچانا ہوگا۔مرمت کے بعد ٹرپل سیون طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارے کی تباہی میں ملازمین،افسران اور مختلف ادوار کی حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ملازمین، انتظامیہ اور حکومت نے اسے اپنا نہیں سمجھا۔ پی آئی اے کا خسارہ 4 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 777 طیاروں کی مکمل اوورہالنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اپنے وسائل سے موجودہ فلیٹ کو بہتر بنا رہے ہیں۔ طیاروں کی مرمت اور آرائش کے لئے بینکوں سے قرض لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیویارک کی پروازوں سے 10 برسوں میں2 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔فی الحال ہمارے پاس ایسے طیارے نہیں جو ان طویل روٹس پر سفر کرنے کے قابل ہوں۔ عارضی طور پر اس روٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔