بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کے خلاف ٹی وی ریالٹی شو بگ باس سیزن 11 میں شامل زبیر خان نے مقدمہ درج کرادیا ہے۔ ہندوستانی ٹی وی کا متنازعہ ترین شو بگ باس کا ہر سیزن اپنے ساتھ کچھ نئی اور متنازعہ کہانیاں لے کر آتا ہے۔ بگ باس میں شرکت کرنے والے تمام لوگ گھر پراپنا قبضہ آخر تک جمائے رکھنے کے لئے لڑائی جھگڑا کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے۔بگ باس سیزن 11 میں شرکت کرنے والے ہندوستانی ڈان داﺅد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کے مبینہ داماد زبیر خان نے گھر والوں پر اپنا سکہ جمانے کے لئے نہ صرف ان کے ساتھ لڑائی جھگڑے کئے بلکہ نازیبا زبان بھی استعمال کی جس پر شو کے میزبان سلمان خان نے انہیں خوب جھاڑ پلائی جس کی وجہ سے زبیر خان کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ اسپتال پہنچ گئے۔ بہر حال زبیر خان سب سے کم ووٹ حاصل کرکے گھر سے باہر ہوچکے ہیں اور گھر سے بے گھر ہوتے ہی انہوں نے سب سے پہلا کام یہ کیا کہ سلمان خان پر مقدمہ درج کرادیا۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق زبیر خان نے سلمان خان کے خلاف ممبئی کے لوناوالا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جس میں کہا ہے کہ سلمان خان نے انہیں دھمکایاہے کہ وہ انہیں انڈسٹری میں کام کرنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے۔اس ایف آئی آر پر سلمان خان کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا ۔واضح رہے کہ زبیرخان کا دعویٰ ہے کہ وہ حسینہ پارکرکا داماد ہے تاہم ہندوستانی میڈیا نے حسینہ پارکر کے خاندان کے حوالے سے کہا ہے کہ زبیرخان کا دا ﺅد ابراہیم یا حسینہ پارکرکے خاندان سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔