پاکستانی ہاکی کھلاڑی ڈھاکامیں ”ٹکے ٹکے“ کو ترس گئے
جمعرات 12 اکتوبر 2017 3:00
ڈھاکا:بنگلہ دیش میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی شدید مالی مسائل سے دوچار ہوکر” ٹکے ٹکے“ کو ترس گئے۔ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اب تک ڈیلی الاونس سے محروم ہیں۔غیر ملکی دورے پر ایک کھلاڑی کا ڈیلی الاونس 100 ڈالر ہے جبکہ مینجر اور کوچز کو 150 ڈالر یومیہ ملتے ہیں لیکن تاحال نہ کھلاڑیوں کو پیسے ملے نہ مینجر اور کوچز کے اکاونٹ میں پیسے پہنچے جس کی وجہ سے کھلاڑی صرف ہوٹل اور گراونڈ تک محدود ہیں۔پی ایچ ایف نے روانگی سے قبل کھلاڑیوں کو یقین دلایا تھا کہ بنگلہ دیش پہنچتے ہی پیسے ان کے اکاونٹ میں آجائیں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پیسے بھجوانے میں تاخیر ہوگئی ہے تاہم ایک دو روز میں پیسے انہیںبھجوا دیں گے۔ حالانکہ پاکستان کی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں میزبان کو واضح شکست سے دوچار کرکے اپنی موجودگی کا مثبت ثبوت بھی پیش کردیا ہے۔