انگلیوں کے درمیان فاصلہ، شخصیت کا عکاس
جمعرات 12 اکتوبر 2017 3:00
انسانی جسم کی ساخت بہت سی وجوہ کی بنا پر ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔ اکثر اوقات ہمیں معلوم ہی نہیں ہو پاتا کہ قدرت نے ہمیں شکل و صورت کے علاوہ اور بھی بہت سی چیزوں میں ایک دوسرے سے بالکل مختلف بنایا ہے۔ یہی انفرادیت ہر انسان کو ایک دوسرے سے ممتاز بناتی ہے۔مثلاً انسانی ہاتھ کو ہی لے لیجئے، ایک ہتھیلی اور 5 انگلیوں پر مشتمل ہاتھ ظاہری طور پر ایک جیسے ہی لگتے ہیں لیکن غور کیا جائے تو ہمارے ہاتھ ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ جیسے کہ ہر انسان کے ہاتھوں کی انگلیاں مختلف ہوتی ہیں، کسی میں انگلیوں کا درمیانی فاصلہ بہت زیادہ ہوتا ہے اور کسی کے درمیان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ ہاتھوں کا یہ الگ انداز ہماری شخصیت کو ظاہر کرتا ہے۔
جن لوگوں کی انگلیوں کے درمیان فاصلہ زیادہ ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ زندگی کو ہلکے پھلکے انداز میں گزارنا پسند کرتے ہیں۔ یہ لوگ اپنی صلاحیتوں سے واقف ہوتے ہیں اور ہر وقت دوسروں کو خوش کرنے کے چکر میں اپنی توانائی ضائع نہیں کرتے ۔ ایسے افراد اپنے احساسات چھپائے رکھنے کے بجائے انہیں سب کے سامنے ظاہر کردیتے ہیں۔ بظاہر ایسے لوگ منہ پھٹ ہوتے ہیں لیکن درحقیقت یہ صاف دل والے ہوتے ہیں اس لیے ان کے دوست بھی زیادہ ہوتے ہیں اور یہ خود بھی دوستانہ ماحول میں زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔
ایسے لوگ جن کی انگلیوں کے درمیان فاصلہ کم ہوتا ہے وہ بظاہر دوسروں کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہوتے ہیں مگر درحقیقت وہ بہت سے معاملات کو صیغہ راز رکھتے ہیں ۔ ایسے افراد اپنی زندگی کو متوازن انداز میں گزارنا پسند کرتے ہیں۔ یہ خوش طبع اور ہنسنے مسکرانے والے لوگ ہیں ۔ ان کی حس مزاح کے باعث لوگ ان کے ساتھ رہنا اور بات کرنا پسند کرتے ہیں ۔
جن افراد کی انگلیوں میں فاصلہ نہ ہونے کے برابر ہو وہ انتہائی خشک مزاج اور کم گو ہوتے ہیں ۔ ان افراد کی زندگی صرف انہی کے گرد گھومتی ہے۔ یہ دوسروں سے زیادہ خود پر اعتماد کرتے ہیں۔ یہ نرم دل ، قابل عزت اور اچھے سامع ہوتے ہیں۔