ون ڈے سیریز میں ٹیم کو جیت سے ہمکنار کریں گے، سرفراز احمد
دبئی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ٹیسٹ سیریز کے نتیجے کو ایک طرف رکھ کر نئے حوصلے سے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ون ڈے ٹیم خاصی متوازن ہے جس میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حسن علی، فخر زمان اور شاداب خان ایسے کھلاڑی ہیں جنھوں نے چیمپیئنز ٹرافی میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہیں امید ہے کہ اس سیریز میں وہ اپنی شاندار کارکردگی سے پاکستانی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کریں گے۔ سرفراز احمد نے اپنی کپتانی کے انداز کے بارے میں کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتانی بہتر ہو گی۔انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں ہر سیشن کے اعتبار سے حکمت عملی ترتیب دینی پڑتی ہے اور فیصلے کرنے ہوتے ہیں جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں آپ کو بہت تیزی سے فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔سرفراز احمد نے خود اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو کامبی نیشن بنا ہوا ہے اس میں ان سے اوپر بابراعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک بیٹنگ کرتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جب وہ کپتان بنے تھے تو اس وقت یہی بیٹنگ آرڈر تھا لہذا ابھی اسے تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندکے خلاف سنچری بنانے والے اوپنر فخرزمان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ لینا چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم بڑے مارجن سے یہ ون ڈے سیریز جیتے۔فخر زمان نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد چونکہ یہ ان کی پہلی ون ڈے سیریز ہے لہذا وہ بہت پرجوش ہیں۔ اس دوران قائداعظم ٹرافی میں بھی اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے اور امید ہے کہ وہ ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔