پی ایس ایل3 میں مزید بین الاقوامی کھلاڑی شامل
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
لاہور:پی سی بی نے ڈیرن براوو، لوک رونچی اور ایلبے مورکل سمیت کئی معروف غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ بننے کا اعلان کردیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش کے مستفیظ الرحمان، ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر اور انگلینڈ کے جیمز ونس اور ٹم بریسنین پی ایس ایل کا حصہ بننے والے نئے کھلاڑی ہوں گے۔بیان کے مطابق جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر اسٹار جے پی ڈومینی بھی اپنی قومی ٹیم کے ساتھیوں وائن پارنیل اور پاکستان نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر کے ہمراہ پی ایس ایل میں شامل ہوں گے۔سری لنکا کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز، نیوزی لینڈ کے لوک رونچی، کولنرو اور مچل مک کلینگن بھی تیسرے ایڈیشن کا حصہ بننے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ پی ایس ایل میں توسیع کا سال ہے اس لیے ہم اسے گزشتہ 2 سیزنز سے بڑا اور بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ لیگ کی ٹیمیں اب اپنے اسکواڈ کے لیے پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کٹیگریز میں ایک، ایک کھلاڑی کا انتخاب کریں گی، سلور کٹیگری سے دو، ایمرجنگ سے دو جبکہ دیگر چار کھلاڑیوں کا سپلیمنٹری راونڈ میں انتخاب کیا جائے گا۔پی ایس ایل کا پہلی بار حصہ بننے والے کھلاڑی ان کھلاڑیوں میں شامل ہوجائیں گے جنہیں تیسرے ایڈیشن کے ڈرافٹ پول میں ان کی متعلقہ ٹیموں نے ریلیز کردیا تھا، جس کے بعد ان کا اب تک کسی نے انتخاب نہیں کیا۔ پی ایس ایل کا حصہ بننے والے دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں میں ایون لیوز، لینڈل سمنز، کرس لین، راشد خان، عادل رشید اور مچل جانسن ہیں۔پلیئرز کی ڈرافٹنگ کا عمل رواں ماہ کے آخر میں ممکن ہے جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز فروری 2018ءمیں ہوگا۔