اسلام آباد... وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ معیشت پر بیان کے حوالے سے فوجی ترجمان کی وضاحت آگئی معاملہ ختم ہوگیا۔ جواب الجواب دینا مناسب نہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں پرنازہے۔ قوم اور ہرسپاہی کے جذبات کی قدر کرتا ہوں مگر ہمارے بھی جذبات ہیں۔ جذبات سے کھیلنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ کسی کا دل دکھانے کی بات نہیں کہی تھی تاہم معیشت کے حوالے سے بیان کی وضاحت ضروری تھی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ورلڈ بینک کے اجلاس میں مثبت بات کر رہا تھا تو کہا گیا کہ فوجی ترجمان تو کچھ اور کہہ رہے ہیں۔ کشتی کا ایک سوار چپو چھوڑ کر دوسرے کا چپو چلانا شروع کردے تو معاملہ خراب ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی ترجمان کی جانب سے وضاحت آگئی، اب سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ قوم اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔وزیر داخلہ نے کہا آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ حکومت آپریشن کےلئے پیٹ کاٹ کر فنڈز دے رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے۔ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔ دنیا میں پاکستان کو پانچویں بہترین معیشت کے طور پرتسلیم کیا جارہا ہے۔ مایوسی کے سقراط کی طرف نہ دیکھا جائے کیونکہ ان کا کام صرف مایوسی پھیلانا ہے۔ غلط فہمیاں پیداکرنے والے ہروقت تیلیاں لگانے کو تیار رہتے ہیں تاہم انہیں مایوسی ہوگی۔