جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیشی بولرز کا بھرکس نکال دیا، 10وکٹوں سے فتح
کمبرلے:جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک کی شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میں آوٹ کلاس کرتے ہوئے 10وکٹوں سے شکست دے دی۔جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے ون ڈے میچوں میں ریکارڈ 282 رنز کی ناقابل شکست اوپننگ پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 278 رنز کا ہدف صرف 42.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ ۔کوئنٹن ڈی کوک کا انداز جارحانہ رہا ۔ انہوں نے 21 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 168 رنز بنائے، ہاشم آملہ کی 110 رنز کی اننگز میں 8 چوکوں شامل تھے۔ کوئنٹن ڈی کوک کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرا ردیاگیا۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپنرز نے ٹیم کو 43 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم 67 رنز پر دونوں اوپنرز لٹن داس اور امرالقیس بالترتیب 21 اور 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شکیب الحسن اور مشفق الرحیم پر نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کیلئے خطرہ بننے کی کوشش کی لیکن عمران طاہر نے اس شراکت کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔ دوسرے اینڈ پر موجود مشفق الرحیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تمام جنوبی افریقی بولرز کا ڈٹ کر سامنا کرتے ہوئے سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ٹیم کاا سکور 7 وکٹوں پر 50 اوورز میں 278 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی اننگز کھیلی اور آوٹ نہیں ہوئے۔ شکیب 29، محموداللہ 26، صابر رحمان 19، ناصر حسین 11 اور محمد سیف الدین 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے 3میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی ہے۔