بیدار کرنیوالے الارم کے بعد سلانے والی گھڑی تیار
لندن..... آج کے دور میں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بہت عام ہوچکی ہے اور بچے اور بالخصوص نوجوان نسل سے تعلق رکھنے والے اس کے اتنے اسیر ہوچکے ہیں کہ موبائل فون وغیرہ کے بغیر ایک پل نہیں رہ پاتے۔ ایسے بچے بالعموم رات بھر جاگتے ہیں انہیں نیند پوری طرح میسر نہیں ہوتی۔ ہر وقت آنے والے پیغامات کو جاننے کی خواہش انہیں بیدار کئے رکھتی ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ صبح کے وقت تھک کر چور ہوچکے ہوتے ہیں اور ایسی صورت میں نہ تو ان سے اسکول جایا جاتا ہے اور اگر اسکول چلے گئے تو وہاں بھی تعلیم پر پوری طرح سے توجہ نہیں دے پاتے اور نیند کاغلبہ انہیں کہیں کا نہیں رکھتا۔ اب ان بچوں کو ضرورت کے مطابق سوتے رہنے میں مدد دینے کی غرض سے ایک خاص الارم کلاک تیار کیا گیاہے جسے لوگ ’’والدین کی دعائوں کا اثر‘‘ قرار دے رہے ہیں کیونکہ اکثر والدین یہی دعا کرتے رہتے تھے کہ انکے بچوں کو اچھی نیند نصیب ہو اور صحت مند اور تازہ دم رہ سکیں۔ نئی گھڑی کو’’ میلا‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسکی مدد سے بچوں کے سونے کے اوقات پوری طرح سے ریگولیٹ ہوسکیں گے۔ یہ گھڑی بارش ہونے کی آواز ،سمندری لہروں کی صدائوں سمیت ہلکی پھلکی ہوائوں کے چلنے کی آواز بھی نکالتی ہے اور یہی چیزیں بچے کو سوتے رہنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔