ممتا کے قتل میں تعاون کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش
جمعرات 19 اکتوبر 2017 3:00
کولکتہ۔۔۔۔مغربی بنگال میں ایک طالبعلم کو نامعلوم شخص نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا قتل کرنے کیلئے ایک لاکھ ڈالردینے کی پیشکش کی ہے۔ مرشد آباد کے بہرام پور کے رہنے والے پولی ٹیکنیک کے طالب علم کی شکایت کے مطابق اسکے موبائل کے واٹس ایپ پر امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے رہنے والے ایک شخص نے خود کو لاطین کے طور پر متعارف کراتے ہوئے لکھا کہ میں ایک دہشتگرد گروپ کیلئے کام کرتا ہوں اور ہمیں ہندوستان میں معاونین کی ضرورت ہے۔ واٹس ایپ پر پیغام میں لکھا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی کا قتل کرنے میں ہماری مدد کرو تمہیں ایک لاکھ امریکی ڈالر دیئے جائیں گے۔ تمہیں کوئی خطرہ نہیں ہوگا، گھبراؤ نہیں ، کیا تم تیار ہو ؟ کچھ دیر بعد پھر پیغام ملا کہ جلدی جواب دو نہیں تو کسی اور کا انتخاب کیا جائیگا۔ ایک لاکھ ڈالر جانے مت دو۔ اسکے جواب میں طالب علم نے لکھا کہ نہیں ، شکریہ۔پھر دوبارہ 2.46پر پیغام آیا کہ تم ایک لاکھ ڈالر کمانے کا موقع ضائع کررہے ہو ۔ 3.30بجے ایس ایم ایس آیا جس میں اُس نے ہندوستان آنے کا اپنا پروگرام بتایا تو اسکے جواب میں طالب علم نے کہا کہ میں اپنے ملک سے پیار کرتا ہوں اور میں ملک کو تباہ نہیں کرسکتا۔اس کے جواب میں اس نے کہا کہ میں ہندوستان کو تباہ نہیں کرنا چاہتا بلکہ صرف ایک شخص کو مارنا چاہتا ہوں ۔اس معاملے کی سی آئی ڈی انکوائری کررہی ہے۔