واشنگٹن.... ایک امریکی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق کم از کم 30لاکھ افراد امریکہ میں روزانہ بھری ہوئی بندوق یا ہینڈ گن لیکر ضرور چلتے ہیں جبکہ ان لوگوں کی تعداد 90لاکھ کے لگ بھگ ہے جو کم از کم مہینے میں ایک بار ضرور بھری ہوئی بندوق لیکر نکلتے ہیں تاہم ان میں سے 80فیصد افراد کے پاس ہینڈ گنز کی ملکیت کے کاغذات اور اسے لیکر چلنے پھرنے کا اجازت نامہ بھی ہوتاہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلحہ لہراتے ہوئے آتے جاتے رہنے کا شغل پالنے والے افراد کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان میں بیشتر وہ ہیں جو امریکہ کے جنوبی علاقے میں رہتے ہیں ۔ ان لوگوں کا کہناہے کہ وہ اپنی حفاظت کیلئے یہ اسلحہ لیکر چلتے ہیں ورنہ اسکا مقصد کسی دوسرے کو ہلاک کرنا یا دہشت پھیلانا ہرگز نہیں ہوتا۔ واضح ہو کہ گزشتہ 20برسوںمیںاسلحہ بردار افراد کے بارے میں ہونے والی یہ تحقیقی رپورٹ اپنی قسم کی پہلی ہے۔ واضح ہو کہ امریکہ میں اسکولوں ، کام کی جگہوں اور تفریحی مقامات کے علاوہ کنسرٹس میں فائرنگ کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں اور جب بھی ایسا کوئی واقعہ ہوتا ہے اسلحہ پر پابندی کا مطالبہ زورپکڑتا ہے۔