Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج خدمات او رتارکین کے خیر مقدم پر قونصل جنرل ہند کو مبارکباد

صدر انڈوعرب فاﺅنڈیشن جابر پٹیل ، چیئرمین تلنگانہ این آر آئی فورم اعجاز خان کی ملاقات
جدہ ( امین انصاری ) انڈو عرب فرینڈشپ فاﺅنڈیشن کے صدر جابر پٹیل نے جدہ میں متعین ہندوستانی قونصل جنرل محمد نور رحمان شیخ سے قونصلیٹ میں ملاقات کرکے 2017 ءکے حج مشن کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پرانہوںنے حج قونصلر شاہد عالم کا بھی شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی کہ انہو ںنے قونصل جنرل کی سرپرستی میں بہترین خدمات پیش کیں ۔ اس موقع پر جابر پٹیل کے ہمراہ انڈیا فورم کے سابق صدر ، تلنگانہ این آر آئی فورم کے چیئرمین اعجاز احمد خان بھی موجود تھے ۔2 رکنی وفدنے کہا کہ امسال ہندوستان سے آنے والے حجاج کرام کو جو سہولیات دی گئی تھیں ان سے حاجی نہ صرف یہ کہ مطمئن تھے بلکہ تعریف کئے بغیر نہ ر ہ سکے۔ جابر پٹیل نے کہا کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں خاص کر دہلی کے حاجیوں نے بتایا کہ امسال رہنے ، کھانے اور سواری کے انتظامات انتہائی معیاری تھے ۔ قونصلیٹ نے بہترین ڈاکٹرز اور دواﺅں کا بھی اہتمام کیا تھا ۔ وفد نے قونصل جنرل کی جانب سے حجاج کیلئے خصوصی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ حج قونصلر شاہد عالم  میں خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے ۔ وہ اپنے فرض سے زیادہ خدمت سمجھ کر کام انجام دیتے ہیں ۔انہوں نے تلنگانہ کی تنظیم" تلنگانہ این آر آئیز فورم ‘کے صدر عبدالجبار کی کارکردگی کا ذکر کیا اور کہا کہ آئندہ یہ تنظیم زیادہ سے زیادہ کارکنوں کے ساتھ قونصلیٹ کو اپنی رضا کارانہ خدمات دے گی ۔ جابر پٹیل اور اعجاز احمد خان نے کہا کہ مملکت میں مقیم تارکین قونصلیٹ آنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے اور سمجھتے کہ شاید ہماری قونصلرز تک رسائی ممکن نہیں تاہم آپ کے قونصل جنرل بننے کے بعد سے قونصلیٹ کے دروازے ہر عام و خاص کے لئے کھل گئے ہیں ۔ قونصل جنرل ہند نے اس وفد کو بتایا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ قونصلیٹ تارکین کے مسائل کو احسن طریقے سے حل کرے ۔حجاج کی خدمت ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ ان شاءاللہ ہر سال کی طرح آئندہ بھی بہتر سے بہتر سہولیات حجاج کو فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا ۔ 

شیئر: