دریائی گھوڑوں نے بچے کو بچانے کیلئے مگر مچھ پر یلغار کردی
جمعرات 26 اکتوبر 2017 3:00
سرنگیتی، افریقہ .... بچہ کسی کا بھی ہو اپنے والدین کو بیحد پیارا ہوتا ہے۔ حد یہ کہ بچوں کی محبت میں وہ لوگ بھی آگے بڑھ کر کچھ بھی کرسکتے ہیں جن کا بچے سے کوئی خونی یا خاص رشتہ نہیں ہوتا۔ انکی خواہش ہوتی ہے کہ ہر قیمت پر بچے کو پریشانی اور مسائل سے بچایا جائے اور یہ کیفیت انسانوں تک محدود نہیں جانوروں میں بھی اکثر دیکھی گئی ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں سرنگیتی کے ساحلی علاقے میں دیکھنے میں آ یا ہے۔تفصیلات کے مطابق دریائی گھوڑے بڑی تعداد میں ساحل پر تیراکی کررہے تھے اور انکے ساتھ انکے بچے بھی تھے۔ اسی دوران ایک دریائی گھوڑے نے پانی میں پراسرار حرکت دیکھی اور غور کرنے پر پتہ چلا کہ کوئی بہت ہی بڑا اور خطرناک مگر مچھ دریائی گھوڑے کے ایک بچے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یہ دیکھتے ہی سارے دریائی گھوڑوں کو جن کی تعداد 30سے زیادہ ہوگی یہ احساس ہوگیا کہ کوئی خطرہ موجود ہے اور خطرے کو سمجھنے میں کچھ دیر نہیں لگی ۔ پھر سارے دریائی گھوڑوں نے مل کر زیر آب مگر مچھ پر یلغار کردی۔ واقعہ کے وقت ساحل پر تفریح کیلئے آئے ہوئے دریائی گھوڑوں کی غیر معمولی حرکات دیکھیں تو انکی تصویر اتار لی اور نیٹ پر جاری کردی جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ واضح ہو کہ قدرتی طور پر دریائی گھوڑے بیحد طاقتور اور توانا جانوروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انکی قوت برداشت بھی بہت زیادہ ہوتی ہے اور حملہ کرتے وقت بھی ان سے زیادہ سفاک کوئی نہیں ہوتا۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ دریائی گھوڑوں نے خطرناک مگر مچھ کو اپنے بھاری بھرکم قدموں سے کچلنے کی کوشش کی۔ بار بار اسے ٹھوکر ماری ۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مگر مچھ کو بھاگتے بنی۔ اس طرح انہوں نے نہ صرف اپنے بچے کی جان بچالی بلکہ مگر مچھ کو بھی ایک اچھا سبق دیدیا جسے شاید ہی وہ بھول سکے۔ لڑائی کے دوران تمام دریائی گھوڑے اس بچے کو ڈھال کی طرح گھیر کر اپنی حفاظت میں لے لیا تھا بعد میں سارے دریائی گھوڑے خوشی میں اچھل کود کرتے نظر آئے۔