اینیس فیل، کوئنس لینڈ..... کوئنس لینڈ کے انتہائی شمالی علاقے میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعہ نے انتہائی سنسنی پھیلا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیلی نامی ایک پالتو کتا ہفتہ قبل پراسرار طور پر مالک کے گھر سے اچانک غائب ہوگیا تھا جس کے بعد اسکی تلاش شروع کردی گئی۔ تلاش بسیار کے باوجود کئی دنوں تک اسکا پتہ نہیں چل سکا۔ آخر کار اسے مقامی ساحلی علاقے میں ایک مگر مچھ کے جبڑے میں کچھ اس حالت میں پھنسا ہوا دیکھا گیا کہ اس کی صرف ایک ٹانگ باہر تھی اور پورا دھڑ مگر مچھ کے پیٹ میں جاچکا تھا۔ عینی شاہدین کا خیال ہے کہ شاید یہ چھوٹا کتا گھر سے نکل کر ساحل پر آگیاتھا اور غالباًاسکی وجہ یہ تھی کہ اسکا مالک اسے اکثر مارننگ واک کے موقع پر اپنے ساتھ ساحل پر لے آتا تھا ۔ واقعہ کے دن بھی کتا یہاں آیا اسی دوران خطرناک مگر مچھ کی نظر اس کتے پر پڑی جو بمشکل ایک سال کا تھا۔مگر مچھ نے موقع ملنے پر کتے کو اپنا شکار بنالیا۔ مالک نے جب پیارے پالتو کتے کی تلاش کے دوران ساحل کا رخ کیا تو اسے مگر مچھ کے جبڑے میں اپنے کتے کی ٹانگ نظر آئی تو اس پر سکتہ طاری ہوگیا اور وہ کوئی آواز نہیں نکال سکا۔ اس واقعہ سے علاقے میںسنسنی پھیلی ہوئی ہے اور مقامی رکن پارلیمنٹ سمیت بہت سے لوگوں نے کہاکہ علاقے سے تمام مگر مچھوں کا صفایا کیا جائے تاکہ والدین کے ساتھ سیر اور تیراکی کیلئے آنے والے بچے اور انکے ساتھ آنے والے جانور محفوظ رہ سکیں۔ دیکھنے والوں کا کہناہے کہ خطرناک مگر مچھ نے کچھ دیر بعد ہی کی واحد بچی ٹانگ بھی نگل لی۔