دنیا کا سستا ترین گیس معاہدہ کیا،شاہد خاقان
جمعرات 26 اکتوبر 2017 3:00
اسلام آباد ...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی مربوط کوششوں کی بدولت آج پورے ملک میں ہر طرح کے صارفین کے لئے پورار سال گیس دستیاب ہے۔جمعرات کو سینیٹ میں توجہ دلاو نوٹس پر انہوں نے کہاکہ 2013 میں اقتدار سنبھالا تو ملک میں گیس کی شدید قلت تھی۔کھاد کے کارخانے کام نہیں کررہے تھے۔بجلی گھر بند تھے۔سی این جی اسٹیشنز اور گھریلو صارفین کے لئے گیس دستیاب نہیں تھی۔ 2013 میں10 لاکھ ٹن کھاد درآمد کررہے تھے۔ اب ہم 7 لاکھ ٹن کھاد برآمد کررہے ہیں۔ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے تمام بجلی گھر سارا سال کام کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ قطر کے ساتھ مائع قدرتی گیس کی درآمد کیلئے معاہدہ کیا۔ گزشتہ 15سال کے دوران ایل این جی کے شعبے میں یہ دنیا کا سب سے سستاکنٹریکٹ تھا کنٹریکٹ کے تحت قیمتوں پر مذاکرات کی شق شامل کی گئی جس کے تحت کوئی فریق قیمت پر مطمئن نہیں ہوگا تو وہ کنٹریکٹ ختم کرسکتا ہے۔ معاہدے کی تفصیلات منظر عام لائی جاچکی ہے۔ حکومت کسی بھی فورم پر ہر طرح کے سوال کا جواب دینے کو تیار ہے۔