سونے سے پہلے چہرے کا میک اپ ضرور صاف کریں
عموماً شادیوں میں خواتین بہت اچھی طرح تیار ہوکر شریک ہوتی ہیں۔ ہمارے یہاں تقریبات اکثر رات میں بہت دیر سے ختم ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر خواتین چہرہ دھوئے بغیر سو جاتی ہیں۔خواتین کی یہی سوچ ہوتی ہے کہ صبح اٹھ کر دھو لوں گی۔ اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ چہرہ نہ بھی دھویا تو کچھ نہیں ہوگا۔ یہاں ان خواتین کے لیے کچھ باتیں بتائی جارہی ہیں جنہیں پڑھنے کے بعد وہ یقینا آئندہ چہرہ بغیر دھوئے نہیں سوئیں گی ۔
پیشانی پر فاؤنڈیشن کی ایک تہہ موجود ہو اور پھر پسینہ آجائے تو پیشانی پر تیل جمع ہونے لگتا ہے ۔یاد رکھیں یہ تیل اور فاو¿نڈیشن جراثیم کے لیے غذا کا کام دیتے ہیں جس کی وجہ سے پیشانی پر دانے اور جلد پر انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
جب آپ ایسی حالت میں سو جاتی ہیں کہ آنکھ کے پپوٹوں پر آئی شیڈ لگا ہوا ہو تو جان لیں کہ آئی شیڈ کی وجہ سے آئل گلینڈز بندہو جاتے ہیں اور وہ جگہ جہاں سے پلکوں کے بال نکلتے ہیں وہ بھی آئی شیڈز کی وجہ سے بند ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
گالوں کے پاس کی جلد پر پہلی تہہ تو فاو¿نڈیشن کی لگی ہوئی ہوتی ہے ،دوسری تہہ اس پر بلش آن کی لگ جاتی ہے۔میک اپ کی اتنی گہری تہہ میں سونے کی وجہ سے جلد کے خلیات بند ہو جاتے ہیں ،ساتھ ہی بالوں کے مسام بھی بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے گالوں پر بھی بلیک ہیڈز ہو سکتے ہیں۔
جب آنکھوں پر آئن لائنر یا پلکوں پر مسکارا لگا ہوا ہو تو اس سے پہلا نقصان یہ ہوتا ہے کہ سونے کے لیے جب لیٹا جائے تو آنکھوں میں اس کے ذرات جانے لگتے ہیں جس کی وجہ سے آنکھوں میں جلن ہونے لگتی ہیں اور آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ اگر مسکارے کی زائد تہہ آنکھوں پر لگی ہو اور غلطی سے آنکھوں کو مسل لیا جائے تو پلکیں ٹوٹنے لگتی ہیں اور پلکوں کے کنارے پر کوئی دانہ بھی نکل سکتا ہے۔