Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیشی ٹیم شکست خوردہ ذہنیت کا شکار ہو چکی، کپتان کا اعتراف

کیپ ٹاﺅن:بنگلہ دیشی آل راونڈر اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم شکست خوردہ ذہنیت کا شکار ہو چکی ہے اور اسی وجہ وہ دورہ جنوبی افریقہ میں مسلسل ناکامیوں کے بھنور سے باہر نہیںآسکی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں مکمل ناکامیوں کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں خراب کارکردگی کھلاڑیوں کے اعصاب پر سوار ہو گئی اور فارمیٹس کے ساتھ بعض کھلاڑیوں کی تبدیلی کے باوجود ناکامیوں کا سلسلہ آگے بڑھتا چلا گیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف جنوبی افریقہ نے اپنی کرکٹ تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام فارمیٹس میں کلین سویپ فتوحات کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔کپتان کا کہنا تھا جب ٹیسٹ سیریز ہارے تو اس سے ون ڈے سیریز پر منفی اثر پڑا اور جب ون ڈے سیریز میں بڑی ناکامیاں ہمارے حصے میں آئیں تو یہی معاملہ ٹی ٹوئنٹی سیریز تک دراز ہو گیا۔انہوں نے کہا ہمارے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی ایسا ہی رہا اور یہ فطری بات ہے کہ جب کوئی ٹیم جیتتی ہے تو ڈریسنگ روم میں کامیابیوں کے چرچے اور باتیں ہوتی ہیں لیکن جب شکست پر شکست ہو تو ڈریسنگ روم میںبھی ناکامیوں کا ماحول طاری ہو جاتا ہے۔شکیب الحسن نے کہا کہ زیادہ افسوس اس بات کا ہے کہ ہم نے اس سیریز میں مقابلہ بھی نہیں کیا ورنہ ہار جیت تو ہر کھیل کا حصہ ہے۔حالیہ برسوں میں کوئی ٹیم بھی بیرون ملک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی لیکن ہم تو بالکل یکطرفہ طور پرہارتے رہے۔

شیئر: