Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اگر مگر کے بھنور میں

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ مجوزہ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پی سی بی نے اسی مہینے ہو نے والی سیریز کے شیڈول کا اعلان دو چار روز میں کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن حقیقی صورتحال واضح نہیں ہو رہی۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اگر مگر کے بھنور میں ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دورہ پاکستان کیلئے منہ مانگی فیس کی جانب بھی اشارہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ کے بعد یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اسی مہینے پاکستان آرہی ہے اور اگلے دو چار روز میں شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا لیکن کچھ حقائق ایسے ہیں جو دورے کے حوالے سے ابہام پیدا کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے دونوں بورڈز کے درمیان تاحال سیریز کے حوالے سے اتفاق نہیں ہو سکا ۔ اگر نو مبر کے وسط میں ویسٹ انڈیز کو دورہ کرنا ہے تو پھر نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کرنے میں جلد بازی نہیں کرنی چاہئے تھی جو نئے پروگرام کے مطابق 20نومبر سے شروع ہوگا ۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے جہاں اس کا پہلا پریکٹس میچ 25 نومبر سے شروع ہوگا جبکہ پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے کھیلا جائے گا۔اگر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کے اس طے شدہ دورے اور پھر شیڈول پر رضا مند ہوتا ہے تو پاکستان کے دورے کے لئے وقت بہت کم بچتا ہے کیونکہ ویسٹ انڈیز کو 22نومبر تک نیوزی لینڈ بھی پہنچنا ہے۔ اسی صورتحال کے سبب ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان خدشات سے دوچار ہے ۔ ادھر مبصرین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مالی مشکلات سے دوچار ویسٹ انڈین بورڈ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے چکر میں ہے اور دورے کی منہ مانگی فیس وصول کرنا چاہتاہے ۔ پی سی بی نے انتہائی بھاری فیس دے کر ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو جس طرح ممکن بنایا اب مبینہ طور پر ویسٹ انڈین بورڈ بھی اسی طرح کا معاوضہ وصول کرکے ہی دورے پر آمادہ ہوگا ۔

شیئر: