جے پور۔۔۔ریاست راجستھان کے دارالحکومت کے مضافات میں واقع شاہ پور ٹاؤن کے کھتولائی گاؤں میں ٹرانسفارمر کے پھٹنے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 13 کو زخمی حالت میں اسپتال میںداخل کیاگیاہے۔ میڈیکل ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بہت سے افراد کی حالت نازک ہے اور مرنیوالوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات میں ایک تقریب کے دوران پیش آیا۔ جے پور کے ضلع کلکٹر سدھارتھ مہاجن نے بتایا کہ زخمیوں کو ایس ایم ایس اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر دھماکے سے 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ 22 زخمیوں کو ایس ایم ایس اسپتال لایا گیا جن میں سے 9 نے دوران دم توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کے قریبی ورثاء کو 10 لاکھ روپے کے حساب سے معاوضہ ادا کیا جائے گا جس میں 5 لاکھ روپے جے پور کو بجلی تقسیم کرنے والی کارپوریشن دیگی اور باقی 5 لاکھ روپے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ سے ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ چشم دید گواہوں کے مطابق مرنیو الوں میں ایک ہی خاندان کے وہ افراد بھی شامل تھے جو منگنی کی رسم ادا کرنے کیلئے ٹرانسفارمر کے قریب سے گزر رہے تھے۔ دریں اثناء جہاں ایک طرف مرکزی وزیر راجیہ وردھن راٹھور نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا وہیں کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر اور سابق وزیر سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ ٹرانسفارمر انتہائی خستہ حالت میں تھا اور اسکی برسوں سے مینٹی ننس نہیں کی گئی تھی۔ انہوں ے کہا کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے چکے ہیں ۔ ٹرانسفارمر خراب حالت میں تھا اور اس میں بجلی کے دباؤ کے باعث دھماکہ تو ہونا ہی تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی کسی جج کے ذریعے تحقیقات کرائی جانی چاہیئے۔