واشنگٹن...امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اورامریکہ دونوں کامشترکہ ہدف ہے۔ جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں ایلیٹ ا سکول آف انٹرنیشنل افیئرز کے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں پاکستان کیلئے زیادہ اہمیت کاحامل ہے۔ افغانستان اورخطے کے استحکام اور سلامتی کیلئے امریکہ اور پاکستان کا ملکر کام کرنا ضروری ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ دونوں ملکوں نے مل کر کام کیا تو فائدہ ہوا ۔ایک سوال پراعزاز چوہدری نے کہاکہ امریکہ پاکستان اور ہندکے درمیان مذاکرات کے لئے موثر کردار ادا کرسکتا ہے تاکہ کشمیر سمیت دوطرفہ تنازعات کو پرامن طورپر حل کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کردیا گیا۔ قبائلی علاقوں میں امن لوٹ رہا ہے ۔لوگ اپنے گھروں میں واپس جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل موجود نہیں۔سیاسی حل صرف افغانوں کے پاس ہے۔افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان اور امر یکہ کو مل کر کام کرنا ضروری ہے ۔