لاہور... سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اورمسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے کہاہے کہ 2018 میں عوام کی طاقت سے ہی مسلم لیگ (ن) دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ نوازشریف کو وطن واپس آنا ہی تھا لیکن ان کی واپسی سے کئی لوگ مایوس ہوئے۔لاہور میں حلقہ 120 کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار اور طاقت دینا اللہ کے اختیار میں ہے۔اقتدار سے باہر رکھنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں۔ عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ کسے رہنمائی دینی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ خاندان میں اختلاف کی خبریں دینے والوں کو بھی مایوسی ہوگی۔ خاندان میں رنجش کی باتیں سراسر غلط ہیں۔ ایسی توقعات رکھنے والے حلقوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔قبل ازیں مریم نواز این اے 120 کے علاقے مزنگ پہنچیں تو لیگی کارکنان نے گل پاشی کی۔ مریم نواز نے حلقے کے کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور عوام کے مسائل سنے۔