Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی سیاست دفن ہوگئی،عمران خان

خانیوال... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف خود مائنس ون ہوگئے ۔ان کی سیاست کو دفن بھی کردیا۔جمعہ کو خانیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان تباہی کی طرف جارہا ہے۔مجرموں نے ملک پر قبضہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے سارا پاکستان جاگ چکاہے۔ عوام فیصلہ کرچکے ہیں کہ ملک ایسے چلنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج کل اداروں پر حملے کررہے ہیں اور کہتے ہیں سازش ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے زیادہ کمزور اور بزدل وزیراعظم نہیں دیکھا۔وہ نااہل وزیراعظم کے قدموں میں گرے ہوئے ہیں۔شوکت عزیز کا بھی ریکارڈ توڑدیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت سارے ادارے اربوں روپے کا نقصان کررہے ہیں۔ ہمیں اپنی گورننس ٹھیک کرنی ہے ، ایک طرف ملک کو قرضوں میں ڈبویا جارہا ہے۔ دوسری طرف ایم این ایز کو 94 ارب دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرتم 50 ارب روپے اور بھی دے دو تب بھی الیکشن نہیں جیت سکتے۔انہوں نے کہا کہ میرا ٹارگٹ 10 سال میں 10 کروڑ لوگوں کو غربت سے اوپر اٹھانا ہے۔اقتدار ملا تو کرپشن ختم کریں گے ۔سرمایہ کاری ملک میں لائیں گے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے تو ملک بہت تیزی سے ترقی کرے گا۔ چین کی معاشی ترقی کے ماڈل کی پیروی کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کی باریوں کی وجہ سے ملک نیچے گیا۔ پاکستان کے ادارے خطے میں بہترین ادارے تھے۔بیرون ملک سے لوگ چھٹیاں منانے کراچی آیا کرتے تھے۔ پی آئی اے کو دنیا مانتی تھی، حکمرانوں نے تباہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ 24 سال کی عمر میں دنیا کے سارے ملک دیکھ لئے تھے لیکن پاکستان سے خوبصورت ملک اور کوئی نہیں، اللہ نے ہمیں سب کچھ دیا، ہم پاکستانیوں نے اپنا فرض پورا نہیں کیا۔

شیئر: