مصر میں بھائیوں نے بہن کو قتل کرکے گھر میں دفن کیا پھر باقیات دریا میں بہا دیں
ایک ملزم کی بیوی کوعلم ہوا تو اس نے پولیس کو مطلع کردیا۔ (فائل فوٹو: العربیہ)
مصر میں تین بھائیوں نے اپنی بہن کو شک کی بنیاد پر قتل کرکے اس کی نعش کمرے میں دفن کردی۔
قتل کا انکشاف حادثاتی طور پر ہوا جب ملزمان کو معلوم ہوا کہ ان کا جرم فاش ہو چکا ہے تو انہوں نے نعش کی باقیات کو دریائے نیل میں بہا دیا۔
العربیہ کے مطابق مصر کی کمشنری سوھاج میں تین بھائیوں نے اپنی 23 سالہ بہن کو سفاکی سے قتل کرنے کے بعد نعش کو گھر کے ایک کمرے میں دفن کردیا۔
واردات کے بارے میں مقتولہ کی بھابھی کو اس وقت علم ہوا جب وہ اپنے شوہر کا موبائل فون چیک کررہی تھی۔
موبائل میں ملزمان کے صوتی پیغامات کی ریکاڈنگ ملی جس میں انہوں نے بہن کے رویے پرشک کا اظہار کرتے ہوئے غیرت کے تقاضے کے تحت اسے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
ملزم کی بیوی نے اس گفتگو کے بارے میں اپنے شوہر سےتصدیق کی تو اس نے خاموش رہنے کا کہا اور دھمکی دی کہ کسی کو اس کا علم نہیں ہونا چاہئے۔
قتل کی سنگین واردات کے بارے میں ملزم کی بیوی کو علم ہوا تو وہ خاموش نہ رہ سکی اور پولیس کو مطلع کردیا۔
جب ملزمان کو یہ معلوم ہوا کہ ان کے بارے میں اطلاع دی جاچکی ہے تو انہوں نے فوری طور پر نعش کی باقیات کونکال کر اسے دریائے نیل میں بہا دیا اور کمرے کے فرش کو سیمنٹ سے پکا کردیا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے کراقبالی بیان لیا ۔ پولیس نے جائے واردات کا جائزہ لینے کے بعد مقدمہ درج کرکے تینوں ملزمان پراسیکیوشن کے حوالے کردیا۔