کروگر، جنوبی افریقہ.... جانوروں اور جنگلوں کی دنیا سے واقفیت رکھنے والے اچھی طرح جانتے ہیں کہ شیر ہی ہے جسے جنگل کا بادشاہ کہا جاتا ہے مگر ہاتھی بھی کچھ کم نہیں ہوتے اورموقع محل دیکھ کر وہ بھی اپنی بادشاہت منوانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاںکروگر نیشنل پارک میں اس وقت دیکھنے میں آیا جب ہاتھی کے بچے نے سڑک پر کھڑے ہوکر کسی طرح اپنی طاقت کا رعب دکھایا ۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ ہاتھی کا یہ بچہ پہلے تو بیچ سڑک پر قدم جما کر کھڑا ہوگیا اس کے بعد اس نے راستے سے گزرنے والی ایک کار کی جانب سونڈ بڑھائی اور اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی مگر بچے کی سونڈ سے یہ بھاری گاڑی اٹھ نہ سکی۔ بے بسی کے عالم میں اس نے اس گاڑی کو تو چھوڑ دیا مگر قریب سے گزرنے والی ایک اور گاڑی کا تعاقب کرنے کیلئے اس کے پیچھے چل پڑا۔ یکم نومبر کو اتاری جانے والی تصاویر میڈیا پر جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے اسے بیحد پسند کیا ہے۔ اسے دیکھنے والوں کاکہناہے کہ ہاتھی کے بچے نے اپنی جبلت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ تازہ ترین تحقیق کے مطابق ہاتھی نہ صرف جسمانی قوت کے اعتبار سے بہت بڑا جانور ہے بلکہ اسکی دماغی قوت اور سخت حافظہ بھی قابل داد ہے اور یہ سارے خواص کسی بھی ایسے جانورکیلئے ضروری ہیں جو اپنے علاقے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہو اور اس میں کسی کا عمل دخل برداشت نہیں کرتا اسلئے یقینی طور پر ہاتھی کو بھی جنگل کا بادشاہ تسلیم کیا جاسکتا ہے۔ وڈیو اور تصاویر دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ہاتھی کو جنگل کا بادشاہ نہیں تو ”سڑک“ کا بادشاہ ضرور تسلیم کیا جانا چاہئے۔ ماہرین کا کہناہے کہ ہاتھیوں کے بچے بالعموم ایسی حرکتیں ضرور کرتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں وہ سیدھے سادے نظرآتے ہیں مگر پھر انکے مزاج میں جارحیت آجاتی ہے اور پھر انکا رویہ بدل جاتا ہے۔ ماہرین نے پارک وغیرہ کی سیر کو آنے والے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ کبھی ہاتھیوں کے پا س سے گزریں تو گاڑی روک لیں۔ اگروہ چلتے رہیں گے تو ہاتھی ضرور انہیں نقصان پہنچائیں گے۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ وہ کھڑی گاڑیو ںکو زیادہ نقصان نہیں پہنچاتے۔ اب جو تصاویر جاری ہوئی ہیں وہ بھی اسی قسم کی ہے۔