رات کی پرسکون نیند ایک نعمت ہے جو ایک نئے بہترین دن کا آغاز فراہم کرتی ہے اور اگر صبح اٹھتے ہی نامناسب اور غیر متوقع حالات کا سامنا کر پڑ جائے تو پورا دن بے کار اور تھکن زدہ گزرتا ہے ۔ بعض لوگ نیند سے اٹھ کر ایسی غلطیاں کرتے ہیں جو نہ صرف صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں بلکہ موڈ خراب کرنے کا بھی باعث بنتی ہیں ۔
ساری رات حالت آرام میں رہنے کے بعد جسم سست ہوتا ہے اور فوری طور پر کام کرنے کے قابل نہیں ہوتا۔ایسے میں آنکھ کھلتے ہی بستر سے اٹھ کر کام شروع کردینا پشت کے مسلز کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔نیند سے اٹھنے کے کم از کم ایک گھنٹے بعد کام شروع کریں۔
اکثر اوقات صبح میں بھوک محسوس نہیں ہوتی اور صبح جلد اٹھنے والے افراد ناشتہ کیے بغیر ہی اپنے دن کے کاموں کا آغاز کر دیتے ہیں جسکے باعث وہ سارا دن سست ، بےدم اور نڈھال رہتے ہیں لہذا ناشتہ کرنا بے حد ضروری ہے ۔اگر بھوک نہ لگے تب بھی ناشتہ ضرور کریں۔
اگر آپ الارم کے بجتے ہی اسے’ ’سنوز‘‘ پر لگا کر دوبارہ سوجاتے ہیں اور ہر 10منٹ بعد الارم دوبارہ بج اٹھتا ہے اور یہ سلسلہ آدھے گھنٹے تک یونہی جاری رہتا ہے تو جان لیں کہ آپ اپنی صحت کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق الارم کی پہلی گھنٹی پر اٹھ کر بیٹھ جانا زیادہ مفید ہے۔ اس سے دما غ حالت نیند سے جلد باہر آجاتا ہے اور آپ خود کو چاک و چوبند محسوس کرتے ہیں ۔ بار بار الارم بجنے سے نہ تو آپ ٹھیک سے سوپاتے ہیں اور نہ جاگ پاتے ہیں، یوں آپ کا دماغ تھکن کا شکار ہوجاتا ہے اور آپ سارا دن غنودگی محسوس کرتے رہتے ہیں ۔
صبح اٹھ کو ورزش کو اپنا معمول بنا لیجیے، ورزش کرنے کے لیے سب سے مناسب وقت صبح کا ہے۔ اگر آپ دن کے کسی اور حصے میں ورزش کرتے ہیں تو یہ جسم کے لیے اتنی فائدہ مند نہیں جتنی صبح کی ورزش ہے۔بعض لوگ شام کے وقت ورزش کرتے ہیں۔ یہ ورزش ایک تھکن زدہ دن گزارنے والے جسم کو مزید تھکن کا شکار بنا دیتی ہے لہٰذا اس سے گریز کریں۔