چنئی۔۔۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پریس کو اپنا اعتماد برقرار رکھنے کیلئے ابھی مزید کوششیں کرنا چاہئیں۔ پیر کو وزیراعظم نے ریاست تامل ناڈو کے روزنامہ تھان تھی، کے 75 سال پورے ہونے پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج ہر ایک شہری خبر پر تجزیہ اور دلیل نیز تبصرہ کرنے کے ساتھ اسے الگ الگ نیوز وسائل سے اس کی تصدیق بھی کرتا ہے۔ اس لحاظ سے میڈیا کو اپنا اعتماد قائم رکھنا چاہئے اور اس کیلئے اسے فاضل کوششیں کرنی ہونگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری جمہوریت کیلئے پراعتماد میڈیا پلیٹ فارم کے درمیان صحت مند سرگرمیاں بھی بہتر نتائج پیدا کریں گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سماجی کارکن راجا رام موہن رائے ، لوک مانیہ تلک اور گاندھی جی کو یاد کرتے ہوئے ان کے ذریعے نکالے جانے والے اخبارات کی افادیت کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخبارات کی اہمیت آج بھی سماج کے ہر طبقے کیلئے اتنی ہی زیادہ ہے جتنی ماضی میں تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ ہر روز، ہر منٹ ہمارے آس پاس کتنا کچھ وقوعہ پذیر ہورہا ہے۔ اخبار کا ایڈیٹر اہم خبروں کو منتخب کرتا ہے اور اخبار میں انہیں جگہ دیتا ہے۔ وہ ہی یہ فیصلہ لیتا ہے کہ کیا شائع ہونا چاہئے اور کیا نہیں۔ اس کو اس بات کی آزادی ہوتی ہے اسلئے ایڈیٹر کو اپنی اس ادارتی آزادی کا استعمال انتہائی دانشمندی کے ساتھ کرنا چاہئے اور اس میں اسے عوامی مفادات کا لحاظ بھی رکھنا چاہئے۔ انہوں نے گاندھی جی کے ایک قول کو دہراتے ہوئے کہا کہ پریس جمہوریت کا چوتھا ستون ہوتا ہے۔ یہ یقینی طور پر ایک طاقت ہے لیکن اس طاقت کا ناجائز استعمال کرنا ایک جرم ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میڈیا میں اصلاح کیلئے خود احتسابی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایڈیٹر کو خود طے کرنا چاہئے کہ اس کی تحریر اور فیصلے میں جو اسے آزادی حاصل ہے اس میں ایسی کوئی غلطی نہیں ہونا چاہئے جس کا اثر عوامی مفادات پر پڑے۔