بیجنگ.... چین نے ایک نیا جہاز متعارف کروایا ہے جو کہ اس طرز کے جزیرے بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو چین نے ساؤتھ چائنا سی ( جنوبی بحیرہ چین )میں بنائے ہیں۔جس ادارے نے اس جہاز کو بنایا ہے اس نے اسے جادوئی جزیرے بنانے والا جہاز کا نام بھی دیا ہے۔ چین پر اس سے پہلے الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے جنوبی بحیرہ چین میں مصنوعی جزیرے اس لیے بنائے ہیں کہ وہ ان متنازعہ پانیوں پر اپنا اثرورسوخ بڑھا سکے۔ چین نہ صرف لگ بھگ سارے ہی جنوبی بحیرہ چین پر ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے بلکہ کئی ایسے جزیروں پر بھی اپنا دعوی جتاتا ہے جن پر دوسرے ممالک بھی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اسکے بعد خطے میں کافی مایوسی پھیلی جب چین نے یہاں مصنوعی جزیرے بنائے اور ان تک رسائی کو محدود کیا۔یہاں ویتنام، فلپائن، تائیوان، ملائیشیا اور برونائی بھی ملکیت کے دعوے دار ہیں۔اس بحری جہاز کا نام ٹیان کن ہاؤہے۔ جسے چینی روایات میں ایک دیو ہیکل مچھلی سمجھا جاتا ہے جو کہ ایک پرندے میں بھی تبدیل ہوجاتی ہے۔اس بحری جہاز کی لمبائی 140 میٹر ہے اور چین میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا جہاز ہے۔