Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں عید پر مٹھائیوں کی مانگ میں 40 فیصد اضافہ

ریاض میں 377 فیکٹریاں ہیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
 عید الفطر قریب آتے ہی لذیذ اور بہترین قسم کی مٹھائیاں دکانوں پر سج جاتی ہیں جو چاند رات سے سعودی گھرانوں کی ٹیبلوں کی زینت بن جاتی ہیں۔
العربیہ چینل کے مطابق عید الفطر پر مختلف اقسام کی مٹھائیاں سعودی روایات کا حصہ بن چکی ہیں جب خاندان کے افراد اور دوست احباب ایک دوسرے سے عید ملتے یا عید کی مبارک باد دیتے ہیں تو جواب میں انہیں مختلف اقسام کی مٹھائیاں پیش کی جاتی ہیں۔
عید سے قبل سویٹس، چاکلیٹس اور اسی طرح کی دیگر مٹھائیاں جیسے معمول، الکلیجا، چاکلیٹس، چیز کیک، کپ کیکس اور اسی طرح کی دیگر معروف مٹھائیاں خریدنے کے لیے مختلف دکانوں پر رش لگتا ہے۔

مٹھائیاں مہمان نوازی اور تحائف کے لیے خریداری کا ایک اہم حصہ ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)

اسی طرح نماز عید سے قبل مساجد میں آنے والے بچوں میں بھی مختلف قسم کی چاکلیٹس اور مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں جو سعودی روایات کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب ماہرین صحت انہیں زیادہ کھانے کے خطرات سے بھی خبردار کرتے ہیں کیونکہ اس سے صحت پر خاص طور پر بچوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں روایتی مٹھائیاں بڑے پیمانے پر مقبول ہیں ان میں بہت سے لوگ انہیں گھر پر تیار کرنے کے خواہش مند ہیں جبکہ دیگر انہیں خاص سٹورز سے تیار شدہ خریدنا پسند کرتے ہیں۔

مملکت کے مختلف علاقوں میں 1066 کارخانے مٹھائیاں تیار کرتے ہیں۔ (فوٹو العربیہ چینل)

ایک اقتصادی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عید کے دنوں میں سعودی عرب میں مٹھائی کے شعبے میں عام دنوں کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہنگی یا بہترین چاکلیٹ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مصنوعات میں شامل ہے جو مہمان نوازی اور تحائف کے لیے خریداری کا ایک اہم حصہ ہے۔
سعودی عرب میں کنفیکشنری کا شعبہ خوراک کے سب سے بڑھتے ہوئے شعبوں میں سے ایک ہے جس کی سرمایہ کاری کا حجم تقریباً 35 ارب سعودی ریال ہے اور سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 1066 کارخانے مختلف قسم کی مٹھائیاں تیار کر رہے ہیں۔

عید اخراجات کا بڑا حصہ مٹھائیوں پر صرف ہوتا ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)

ریاض میں 377 فیکٹریاں ہیں جبکہ مکہ مکرمہ میں 294، القصیم میں 133 فیکٹریاں ہیں جو مختلف قسم کی مٹھائیاں تیار کرتی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق عید کے دوران خاندان کے اخراجات کا بڑا حصہ مختلف اقسام کی مٹھائیوں پر صرف ہوتا ہے۔ اسی طرح اوسط سعودی خاندان مٹھائیوں اور چاکلیٹ پر ایک ہزار ریال خرچ کرتا ہے۔

 

شیئر: