سعودی عرب کے دفاع میں اپنے ملک کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے بدھ کے روز سعودی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ سفیر پاکستان نے سعودی عرب کی سرحدی سلامتی اور حرمین شریفین کے دفاع کے لئے مملکت کو اپنے وطن کی مکمل اور مضبوط حمایت کا یقین دلایا۔ خان ہشام بن صدیق نے دونوں برادر ملکوں کے طویل اور تاریخی باہمی تعلقات کا حوالہ دیا او رمملکت کی پیشرفت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے پیش کئے گئے ترقیاتی منصوبے ویژن 2030کی تکمیل کے لئے اپنے تعاون کا عہد کیا۔ پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی پر جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان نے دونوں ممالک کے موجودہ باہمی تعلقات کی گہرائی کو سراہا او راس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک اپنے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم اور سب میدانوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔