Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:پاکستان ٹیم کی نمبر ون پوزیشن محفوظ

 
دبئی:پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم دوسری مرتبہ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی اور اس مرتبہ یہ پوزیشن کچھ عرصے محفوظ بھی رہے گی لیکن نیوزی لینڈ کے ساتھ ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کے لئے یہ مقابلہ آئندہ 10 میچوں تک جاری رہے گا ،جس میں سے 3 میچز دونوں ٹیموں کے درمیان بھی کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کے مطابق 20 دسمبر 2017 ءسے 3 فروری2018 ءکے دوران 10 ٹی 20میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 3 میچز سری لنکا اور ہندکے درمیان ہوںگے جبکہ 7 دیگر مقابلوں میں نیوزی لینڈ کا ویسٹ انڈیز ، پاکستان اور آسٹریلیا سے آمنا سامنا ہوگا، جس کے بعد عالمی درجہ بندی میں ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم کا فیصلہ آسان ہو جائے گا۔ نیوزی لینڈ اور ہند کی سیریز کے اختتام پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی۔ ہندکے ہاتھوں تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں شکست کے ساتھ پاکستانی ٹیم رینکنگ میں دوبارہ عالمی نمبر ون بن گئی۔ ہند کے خلاف سیریز کے آغاز پر نیوزی لینڈ عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود تھا جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں فتح کی بدولت پاکستانی ٹیم دوسرے نمبر پر تھی۔ہند نے یکم نومبر کو پہلے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تو کیوی ٹیم دوسرے اورپاکستان پہلے نمبر پر آگیا۔ نیوزی لینڈ نے 4نومبر کو دوسرا میچ جیت کر پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی تاہم7نومبر کو بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو نے والے میچ میں رات گئے ہندوستانی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کو ہرا کر میچ کے ساتھ سیریز بھی جیتی تو مہمان ٹیم اپنی پہلی پوزیشن سے پھر ہاتھ دھو بیٹھی۔ سیریز میں شکست کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو 5 ریٹنگ پوائنٹس کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح 120 پوائنٹس کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر چلاگیا جبکہ پاکستان اب 124 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پرموجودہے۔پاکستان نے ایک ہفتے میں دوبارہ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔20دسمبر تک کوئی ٹی20 میچ نہ ہونے کے سبب پاکستان کی رینکنگ کو کوئی فوری خطرہ نہیں۔اس وقت عالمی درجہ بندی میں پاکستان 124 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز یکساں 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے، انگلینڈ اور ہند بھی 119 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔عالمی رینکنگ میں جنوبی افریقہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے ۔

شیئر: