وائنسٹن کی فلموں کی کمائی عطیہ کرونگا، بین ایفلک
جسٹس لیگ کے سپر ہیرو اور ہالی وڈ کے معروف اداکار بین ایفلک نے اداکارائوں کو کئی سال تک ہراساں کرنے والے پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کی فلموں کی کمائی عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ہالی وڈ کے 65 سالہ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 22 اداکارائوں و دیگر خواتین کوہراساں اور زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ان پر الزام لگانے والی اداکاراؤں میں معروف اداکارائیں شامل ہیں۔ الزامات سامنے آنے کے بعد آسکر اور بافٹا ایوارڈ نے ان کی رکنیت معطل کردی جبکہ انہیں اپنی ہی بنائی گئی کمپنی نے پروڈیوسر کے عہدے سے بھی برطرف کردیا۔الزامات سامنے آنے کے بعد ہاروی وائنسٹن کے خلاف نیویارک پولیس اور لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے الگ الگ تحقیقات کا بھی آغاز کردیا۔ایک انٹرویو کے دوران بین ایفلک نے کہا کہ وہ ہاروی وائنسٹن کی فلموں سے کمائی جانے والی دولت کو خواتین کے تحفظ اور سماجی بھلائی کیلئے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کردیں گے۔اداکار نے تسلیم کیا کہ انہوں نےیہ فیصلہ اپنے قریبی دوست کیون اسمتھ کے فیصلے کو نظر میں رکھتے ہوئے کیا۔بین ایفلک کی آنے والی فلم ’جسٹس لیگ‘ رواں ماہ 17 نومبر کو ریلیز ہوگی۔