لاس ویگاس .....لاس ویگاس میں از خود چلنے والی ایک شٹل بس اپنی ابتدائی سروس کے 2گھنٹے بعد ہی ڈلیوری ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حکام کا کہناہے کہ بس کے سنسرز نے پہلے ہی خطرہ بھانپ لیا تھا اور بس نہیں بلکہ ٹرک ٹکرایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سارے دن کے لئے بس سروس بند کرنا پڑی تاہم 12مہینے کا پائلٹ پروگرام جاری رہیگا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ حکام کا کہناتھا کہ اس بس میں کوئی ڈرائیور نہیں تھا۔ یہ بس 12 مسافروں کو لیکر سفر کرسکتی ہے۔ بس میں ایک اٹینڈنٹ اور کمپیوٹر مانیٹر کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اس میں نہ تو کوئی اسٹیئرنگ وہیل ہے اورنہیں کوئی بریک ۔ یہ بس جی پی ایس ، الیکٹرانک سنسرز اور دیگر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے۔ اسکے ٹکرانے سے قبل درجنوں افراد مفت سواری کیلئے لاس ویگاس کے پرانے شہر میں قطار لگائے کھڑے تھے۔